پاکستان اور بھارت میں جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ قیدیوں کی فہرستیں بھی ایک دوسرے کے حوالے کردیں

پاکستان کی فہرست وزارت خارجہ میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی گئی،  پاکستان میں قید 257 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھی ہائی کمیشن حکام کے حوالے کی گئی:ترجمان دفترخارجہ 
پاکستان یمن کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت  اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کی کوششوں کیساتھ کھڑا ہے، مسئلے کے حل کیلئے  بات چیت اور سفارت کاری   واحد موثر راستہ ہے
 پاکستان صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے،   فلسطینیوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھیںگے: طاہر حسین اندرابی  کی ہفتہ وار بریفنگ
اسلام آباد(آئی این پی )ترجمان دفتر خارجہ   طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات و سہولتوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا جبکہ پاکستان میں قید 257 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھی ہائی کمیشن حکام کے حوالے کی گئی ہے،پاکستان یمن کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت  اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کی کوششوں کے ساتھ کھڑا ہے، مسئلے کے حل کیلئے  بات چیت اور سفارت کاری   واحد موثر راستہ ہے، سعودی   ولی عہد نے پاکستان کے ساتھ ڈیجیٹل سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور 2026 میں پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی ہے، اماراتی صدر کا دورہ دونوں ممالک کے گہرے تعلقات اور اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد نہ صرف دوطرفہ شراکت داری کو فروغ دینا بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنا بھی ہے ، پاکستان صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے،   اسرائیل کی جانب سے صومالیہ کے وفاقی جمہوریہ کے ایک نام نہاد خطے کو تسلیم کرنے  کا اقدام   ناقابلِ قبول  ہے، فلسطینیوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھیںگے،جس کا مقصد القدس شریف کو دارالحکومت بنا کر ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔ان خیالات کااظہار   ترجمان دفترخارجہ طاہر حسین اندرابی نے  جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کیا ۔انہوں نے   بتایا کہ آج پاکستان اور بھارت نے 31 دسمبر 1988 کو طے پانے والے معاہدے کے تحت ایک دوسرے کو اپنی اپنی جوہری تنصیبات اور سہولیات کی فہرستیں فراہم کیں، معاہدے کے مطابق دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری کو اپنی جوہری تنصیبات سے متعلق معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں، اس سلسلے میں پاکستان کی فہرست وزارت خارجہ میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی گئی، جبکہ بھارتی حکومت بھی نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بھارتی جوہری تنصیبات کی فہرست فراہم کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں قید 257 بھارتی قیدیوں کی فہرست ہائی کمیشن حکام کے حوالے کردی ہے، یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے اقدامات کا حصہ ہے اور خطے میں اسٹریٹجک استحکام کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔