شیخوپورہ: لیسکو آفس کے باہر بزرگ خاتون پر سیکیورٹی گارڈ کا تشدد، ڈی پی او کا نوٹس، مقدمہ درج

شیخوپورہ: لیسکو آفس کے باہر بزرگ خاتون پر سیکیورٹی گارڈ کا تشدد، ڈی پی او کا نوٹس، مقدمہ درج

پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں مین لیسکو آفس لاہور روڈ کے باہر ایک بزرگ خاتون پر سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے تشدد کیا گیا۔

 واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

خاتون بجلی کا بل درست کروانے آئی تھی
متاثرہ بزرگ خاتون اپنی بجلی کا بل درست کروانے لیسکو آفس آئی تھیں، تاہم گیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈز نے بدسلوکی کرتے ہوئے ان کی ایک نہ سنی۔
عینی شاہدین کے مطابق خاتون نے منت سماجت کی، مگر سیکیورٹی گارڈ نے ان کی چھڑی چھین کر پھینکی اور پھر زمین پر گری بزرگ خاتون کو گیٹ سے گھسیٹ کر باہر پھینک دیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئیں۔

ڈی پی او شیخوپورہ نے نوٹس لے لیا
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ نے فوری طور پر سیکیورٹی گارڈ کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق:"ملزم سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔"
ڈی پی او بلال ظفر شیخ نے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:"بزرگ شہریوں سے بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، قانون سب کے لیے برابر ہے، اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔"
سوشل میڈیا پر شدید ردعمل
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں، صحافیوں اور سماجی کارکنان کی جانب سے شدید مذمت کی جا رہی ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ خاتون کو انصاف دلایا جائے اور متعلقہ افسران کو بھی جوابدہ بنایا جائے۔