مستقبل میں مکران زون میں 9شدت کا زلزلہ آ سکتا ہے: ماہر ارضیات کی پیش گوئی

سعودی یونی ورسٹی کے ماہر ارضیات پروفیسرسائمن نے عمان کی سطح مرتفع کے نیچے لاوے کا ذخیرہ دریافت کر لیا
لاہور(آئی این پی )سعودی شاہ فہد یونی ورسٹی سے وابستہ ماہر ارضیات پروفیسر سائمن پیلیا نے بذریعہ جدید آلات عمان کی سطح مرتفع کے نیچے لاوے کا بہت بڑا ذخیرہ دریافت کر لیا۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق پروفیسر سائمن نے خبردار کیا ہے مستقبل میں مکران زون میں9میگناٹیوڈ کا زلزلہ آ سکتا جو بڑی تباہی لائے گا۔ ان کے بقول4کروڑ سال قبل جب سمندر میں بہتی انڈین پلیٹ عرب پلیٹ کے نزدیک آئی تو ارضیاتی تبدیلیوں سے لاوا کے ذخیرہ نے جنم لیامگر وہ زمین کی بہت گہرائی میں ہے، اس لیے باہر نہیں نکل پاتا تاہم ذخیرے کے زبردست دبا ئوسے نہ صرف عمان میں سلمی پہاڑی سلسلہ وجود میں آیا بل کہ انڈین پلیٹ کا رخ بھی یورشین پلیٹ کی طرف ہو گیا اور وہ اس سے جا ٹکرائی۔گویا یہ دبا ئونہ ہوتا تو انڈین پلیٹ عرب پلیٹ سے ہی آ ٹکراتی اور آج آدھا پاکستان، بھارت،نیپال، عمان، سعودیہ، یمن وغیرہ باہم ایک خطہ ہوتے۔اب عرب پلیٹ مکران سب ڈکشن زون میں یورشین پلیٹ کے نیچے گھس رہی ہیں، اسی لیے وہاں انوکھی ارضیاتی تبدیلیاں جنم لیتیں۔