لاہور میں صرف رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کو منظور شدہ پتنگیں اور ڈور فروخت کرنے کی اجازت ہوگی: آئی جی
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف صوبہ بھر میں بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں تین روزہ بسنت کے حوالے سے حکومتی ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق لاہور میں صرف رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کو منظور شدہ پتنگیں اور ڈور فروخت کرنے کی اجازت ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ پتنگ اور ڈور کی خرید و فروخت کے ساتھ ساتھ بسنت کے حوالے سے جاری کردہ حکومتی ایس او پیز کی سختی سے چیکنگ کی جائیڈاکٹر عثمان انور نے واضح کیا کہ بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی رویوں پر قانون فوری حرکت میں آئے گا، جبکہ صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ لاہور میں بھی سخت حکومتی شرائط اور قوانین کے تحت صرف مخصوص دنوں میں ہی بسنت منانے کی اجازت ہوگی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے پہلے مہینے میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 3195 مقدمات درج کیے گئے اور ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اس دوران 2 لاکھ 52 ہزار 701 پتنگیں اور 5 ہزار 503 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ترجمان نے بتایا کہ صرف لاہور میں 1391 مقدمات درج ہوئے، جن میں ملزمان کو گرفتار کر کے 87 ہزار 373 پتنگیں اور 1529 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔پنجاب پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے غیر قانونی پتنگ بازی سے گریز کریں۔