ٹرین پر چھاپہ ، 217بغیر ٹکٹ مسافر ، کرایہ وجرمانہ وصول

 پسنجر ٹرین میں نارنگ سے لاہور تک 101 بغیر ٹکٹ مسافروں سے وصولی 
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور سے سیالکوٹ جانے والی لاثانی ایکسپریس پر شاہدرہ سے نارنگ کے درمیان 217 بغیر ٹکٹ مسافروں سے کرایہ و جرمانہ کی مد میں 85 ہزار 980 روپے جبکہ نارووال سے لاہور آنے والی نارووال پسنجر ٹرین میں نارنگ سے لاہور تک 101 بغیر ٹکٹ مسافروں سے کرایہ و جرمانہ کی مد میں 42 ہزار 70 روپے وصول کیے گئے جو کہ قومی خزانے میں جمع کروادیئے گئے۔اس کارروائی میں کمرشل انسپکٹرز فیصل نذیر اور محمد اکبر گجر، کلیم انسپکٹر محمد عمر حامد کے علاوہ سپیشل ٹکٹ چیکنگ گروپ بھی ڈی سی او ریلوے کے ہمراہ تھا۔ڈی سی او ریلوے نے ٹرین کی مختلف کوچوں کے معائنے کے دوران صفائی ستھرائی اور مسافروں کو ٹرین میں دستیاب سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ ڈی سی او ریلوے کی جانب سے متعلقہ سٹاف کو بہتر سہولیات کے حوالے سے ہدایات بھی دی گئیں۔