پاکستان کیساتھ ٹریڈ ڈیل مکمل:ٹرمپ
امریکا پاکستان کے تیل ذخائر بڑھانے کیلئے اقدام کریگا، شراکت داری کی قیادت کرنیوالی کمپنی کا چناؤ کیا جارہا ہے،بھارت روس سے مسلسل فوجی سازوسامان اورتیل کی خریداری کررہا ہے،امریکی صدرکا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان، بھارت پر کل سے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کا اعلان کر دیاجبکہ بھارت پر ٹیرف عائد کرکے زور دار جھٹکا دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان سے تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی ہے۔امریکا پاکستان کے تیل ذخائر بڑھانے کیلئے اقدام کرے گا۔ٹرمپ نے کہا کہ شراکت داری کی قیادت کرنے والی کمپنی کا چناؤ کیا جارہا ہے۔ شاید ایک دن ایسا آئے جب پاکستان تیل بھارت کو فروخت کرے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ وائٹ ہاؤس میں تجارتی معاہدے کرنے میں انتہائی مصروف ہیں۔صدر ٹرمپ کاکہنا تھا کہ انہوں نے بہت سے ممالک سے بات کی ہے اور ہر رہنما امریکا کو بہت خوش کرنا چاہتا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے روس سے مسلسل فوجی ساز و سامان اور تیل کی خریداری پر جرمانہ بھی عائد کر دیا۔امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر اپنے اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں بھارت پر یکم اگست سے 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔اپنی پوسٹ میں امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگرچہ بھارت ہمارا دوست ہے، لیکن ہم نے برسوں میں اس کے ساتھ بہت کم تجارتی لین دین کیا، کیوں کہ اس کے ٹیرف سب سے زیادہ ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سے اپنے فوجی ساز و سامان کی بڑی مقدار روس سے خریدتا آیا ہے، اور توانائی کے معاملے میں بھی روس کا سب سے بڑا خریدار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا روس سے مطالبہ کر رہی ہے کہ یوکرین میں قتل و غارت کو روکے، یہ سب چیزیں اچھی نہیں ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ لہٰذا، بھارت پر یکم اگست سے 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا، اور ایک اضافی جرمانہ بھی لگایا جائے گا۔