مغربی سوئٹزرلینڈ کے علاقے کران مونٹانا کے لگژری الپائن اسکی ریزورٹ بار میں دھماکہ ہوا ‘دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی‘متاثرین میں غیر ملکی بھی شامل
وزیراعظم کا واقعہ پر اظہار افسوس‘ جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی،پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں سوئس حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے:شہبازشریف
سٹاک ہوم‘اسلام آباد(آئی این پی ‘مانیٹرنگ ڈیسک)جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے علاقے کران مونٹانا کے لگژری الپائن اسکی ریزورٹ بار میں دھماکہ ہوا جس سے 40 افراد ہلاک ہوگئے۔سوئس پولیس کمشنر نے جمعرات کو علی الصبح بتایا کہ دھماکہ رات 1.30 بجے کے قریب اس وقت ہوا جب لوگ نیو ایئر کی پارٹی منارہے تھے۔خبر ایجنسی کے مطابق پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔سوئس حکام کا کہنا ہے واقعے کے متاثرین میں سے کچھ افراد غیرملکی بھی ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے سوئٹزرلینڈ کے ایک معروف اسکی ریزارٹ میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر پیش آنے والے آتش زدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی طور پر افسردہ ہیں۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی دعاگو ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام سوئٹزرلینڈ کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں