پشاور: بلدیاتی نمائندوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں۔
اس حوالے سے مئیر پشاور زبیر علی کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور مذاکرات کو حتمی شکل دینی ہے۔ حکومت نے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کے لیے 20 روز کا وقت مانگا ہے۔مئیر پشاور نے مزید کہا کہ حکومتی کمیٹی جناح پارک آکر اعلان کرے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے بلدیاتی ملازمین کو فنڈز کی کمی کا سامنا تھا، جس پر انہوں نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا تھا۔ احتجاج کے دوران پولیس نے دھرنا دینے والوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی تھی، جس سے صورتحال کشیدہ ہو گئی تھی۔ اب حکومتی سطح پر مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا حل نکالا گیا ہے۔