ڈاکو ٹافیوں کے 2 ڈبے لوٹ کر فرار

کامونکی میںدوڈاکوئوں نے ایک شیلف سے ٹافیوں کے دو ڈبے اٹھائے اور اسلحہ لہراتے ہوئے بیکری سے فرار ہو گئے
 گوجرانوالہ(خصوصی رپورٹ)گوجرانوالہ میں ڈکیتی کی انوکھی واردات میں ڈاکو اسلحہ کی نوک پرٹافیوں کے صرف 2 ڈبے لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ڈکیتی کا یہ منفرد اور دلچسپ واقعہ پاکستان کے ضلع گوجرانوالہ کے شہر کامونکی میں پیش آیا۔ یہاں دو مسلح ڈاکو اسلحہ لہراتے ہوئے ایک بیکری میں داخل ہوئے اور نقدی نہ دیگر سامان صرف ٹافیوں کے دو ڈبے لوٹ کر فرار ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق تھانہ سٹی کے علاقے ماڈل ٹائون میں واقع ایک بیکری میں دو نامعلوم مسلح افراد داخل ہوئے۔ انہوں نے نہ کیش کاونٹر پر نظر ڈالی اور نہ ہی خوش ذائقہ دیدہ زیب کیک اور دیگر بیکری آئٹم کی جانب راغب ہوئے۔ دونوں چور ایک شیلف کی جانب گئے اور وہاں سے ٹافیوں کے دو ڈبے اٹھائے اور پھر اسلحہ لہراتے ہوئے بیکری سے فرار ہو گئے۔بیکری کے مالک بلال نے واقعے کی پولیس میں رپورٹ درج کرا دی ہے۔ دکاندار کے مطابق ٹافیوں کے دونوں ڈبوں کی قیمت صرف 800 روپے ہے۔