ٹافیوں کا ڈبہ چوری کرنے کے شبہ پر طالب علم پر تشدد

لاہور (کرائم رپورٹر) لوئر مال کے علاقے میں کینٹین سے ٹافیوں کا ڈبہ چوری ہونے کے شبہے پر ساتویں جماعت کے طالب علم پر تشدد کرنے والے ملزم امجد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے طالب علم کے چہرے پر جوتیوں سے مارا۔ واقعے کی اطلاع پر لوئر مال پولیس نے 15 کی کال پر کارروائی کی اور طالب علم کے والد کی درخواست پر قانونی کارروائی شروع کر دی۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق بچوں پر تشدد اور جنسی استحصال میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔