لبنان اور یمن مزاحمت کی علامت ہیں: آیت اللہ خامنہ ای

  امریکااور اس کے اتحادی آخر کار اس خطے کو ذلت کے ساتھ چھوڑ دیں گے، کمانڈر قاسم سلیمانی کی برسی پر خطاب 
 تہران(آئی این پی )ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ لبنان اور یمن اب بھی مزاحمت کی علامت ہیں۔ ایران کی انقلابی گارڈز قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی موت کی پانچویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لبنان مزاحمت کی علامت ہے۔ اسے مارا گیا، لیکن وہ نہیں گرا۔انہوں نے یمن کو مزاحمت کی علامتوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ یہ جیت جائے گا۔خامنہ ای نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی آخر کار اس خطے کو ذلت کے ساتھ چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے مومن نوجوانوں کو ملکوں کے استحکام اور اقتدار کے عوامل قرار دیا اور کہا کہ ہر ملک میں قومی اتھارٹی کے عوامل ہوتے ہیں جن کو محفوظ رکھنا ضروری ہے۔بعض ممالک کی بڑی غلطیوں میں سے ایک یہ ہے کہ وہ استحکام اور اقتدار کے عوامل کو میدان سے ہٹا دیتے ہیں، وفادار نوجوانوں کا گروہ جو اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے تیار رہتا ہے وہ استحکام اور اقتدار کے عوامل ہیں۔