صہیونی حکومت خطے میں فساد کی جڑ، اکھاڑ پھینکی جائے گی:آیت اللہ خامنہ ای

ٹرمپ کا خطے میں امن کی بات کرنیوالا بیان جھوٹ پر مبنی ، امریکا اپنی طاقت کا استعمال کرتا ہے تاکہ صیہونی حکومت کو 10 ٹن وزنی بم دئیے جا سکیں
 خطے میں صیہونی حکومت  ایک خطرناک، مہلک اور کینسر جیسا ٹیومر ہے جسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا، اور اسے اکھاڑا جائے گا،رہبراعلیٰ ایران کاخطاب 
 تہران (آئی این پی )ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ اس خطے میں جنگ اور فساد کی جڑ صہیونی حکومت ہے جسے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق تہران میں ایک مذہبی مرکز میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا خطے میں امن کی بات کرنے والا بیان جھوٹ پر مبنی ہے، امریکا اپنی طاقت کا استعمال کرتا ہے تاکہ صیہونی حکومت کو 10 ٹن وزنی بم دئیے جا سکیں جو وہ غزہ کے بچوں کے سروں پر گرا سکے۔خامنہ ای نے کہا کہ ٹرمپ کے ریمارکس اتنے بے وقعت ہیں کہ ان کا جواب دینا بھی مناسب نہیں، اس طرح کی باتیں امریکی عوام کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں۔ خامنہ ای نے کہا کہ بلاشبہ اس خطے میں فساد، جنگ اور تنازع کی جڑ صیہونی حکومت ہے، ایک خطرناک، مہلک اور کینسر جیسا ٹیومر ہے جسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا، اور اسے اکھاڑا جائے گا۔