گرفتار ملزم سپافورڈ صدر جو بائیڈن کی تصویر پر نشانہ بازی کی پریکٹس کرتا تھا،ایف بی آر
واشنگٹن (آئی این پی )امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ورجینیا میں تاریخی کارروائی کرتے ہوئے 150سے زائد پائپ بم اور دھماکا خیز آلات برآمد کرلیے۔امریکی ریاست ورجینیا کے آئل آف وائٹ کائونٹی میں ایف بی آئی نے ایک کارروائی کے دوران 150سے زائد پائپ بم اور دھماکا خیز مواد دریافت کیا، جسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اپنی تاریخ میں پکڑا جانے والا سب سے بڑا ذخیرہ بتایا جارہا ہے۔ایف بی آئی کے ایجنٹوں نے 17دسمبر کو 20 ایکڑ پر پھیلی جائیداد پر چھاپہ مارا، جہاں یہ دھماکا خیز مواد ملا۔ یہ جائیداد 36 سالہ بریڈ سپافورڈ کی تھی، جو غیر قانونی شارٹ بیرل رائفل رکھنے کے الزام میں پہلے ہی گرفتار تھا۔سپافورڈ کے ایک پڑوسی، جو خود بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے سے منسلک ہے، انہوں نے حکام کو اطلاع دی تھی کہ مشتبہ شخص جو اپنی بیوی اور اپنے دو بچوں کے ساتھ رہتا ہے، اپنی پراپرٹی پر اسلحہ اور گھریلو ساختہ دھماکا خیز مواد ذخیرہ کر رہا ہے۔ پڑوسی نے مزید بتایا کہ سپافورڈ 2021میں ایک دھماکا خیز ڈیوائس کے حادثے میں اپنی تین انگلیاں کھو چکا تھا اور اس نے شوٹنگ پریکٹس کے لیے صدر جو بائیڈن کی تصاویر استعمال کی تھیں۔ایف بی آئی نے چھاپے کے دوران جو دھماکا خیز مواد برآمد کیا، اس میں پائپ بم شامل تھے جن پر مہلک کے لیبل لگے تھے۔اس کے علاوہ پہننے کے قابل بنیان میں رکھے گئے دھماکہ خیز آلات اورایک جار میں ذخیرہ کیا گیا HMTD، ایک حساس دھماکہ خیز مواد، جو درجہ حرارت کی معمولی تبدیلی سے بھی پھٹ سکتا ہے شامل ہیں۔