ریاست مخالف عناصر اور ان کے بچوں کا مستقبل بھی پاکستان سے وابستہ ہے، ملک و قوم کی تعمیر ہمارا ایجنڈا نہیں ہو گا تو ملک آگے نہیں بڑھے گا
وقت آگیا ہے سیاستدان اوراسٹیبلشمنٹ مل کر ملک اور قوم کا مقدر سنواریں:صدر ق لیگ کا مختلف شہروں میں اپنی سالگرہ تقریب سے ویڈیولنک خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)سابق وزیراعظم پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے ماضی کی غلطیاں دفن، دل بڑا کریں، اس کے بغیر چارہ نہیں۔ریاست مخالف عناصر اور ان کے بچوں کا مستقبل بھی پاکستان سے وابستہ ہے، انہیں یہ بات سوچنی چاہیئے۔ملک و قوم کی تعمیر ہمارا ایجنڈا نہیں ہو گا تو ملک آگے نہیں بڑھے گا۔سب مل کر اس ملک کا مقدر سنواریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی 79ویں سالگرہ کے موقع پر مسلم لیگ کی جانب سے ملک کے مختلف مقامات پر منعقدہ تقاریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی،کوئٹہ، پشاور،خیرپوراور سکھر میں پاکستان مسلم لیگ نے پارٹی قائد چودھری شجاعت حسین کے یوم پیدائش پر تقاریب کا انعقاد کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا جب تک ہم سیاست کو عبادت نہیں سمجھیں گے اور ملک کی تعمیر و ترقی ہمارا اولین ایجنڈا نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گا، پوری نیک نیتی کے ساتھ قوم اور پارٹی کو بتاتاہوں کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔ انشاء اللہ دن دور نہیں جب پاکستان دنیا کی قیادت کرے گا، اب وقت آگیا ہے سیاست دان اوراسٹیبلشمنٹ مل کر اس ملک اور قوم کا مقدر سنواریں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو دفن کرنا ہوگا۔میں نے کبھی بھی ذاتی عناد اور بغض کی سیاست نہیں کی، سب کو مشورہ ہے کہ اپنے مخالفین کے بارے دل بڑا کریں، اور ایک نئے خوشگوار دور کا آغاز کریں،اب سیاسی غلطیاں کرنے کی گنجائش نہیں،ریاست کو دل بڑاکرنا ہو گا اور ریاست مخالف عناصر کو یہ ضرور سوچنا ہو گا کہ انکا اور انکے بچوں کا مستقبل اسی ملک اور دھرتی سے وابستہ ہے‘اس موقع پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور چودھری شجاعت حسین کی درازی عمر اور صحت کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔