سندھ نے وفاقی اداروں سے 20 ارب کے واجبات مانگ لئے

پانی کے چارجز کی مد میں صرف سٹیل ملز پر سندھ کے 10 ارب روپے کے واجبات ہیں: نثار کھوڑو
 وفاقی حکومت کے مختلف اداروں کے متعلقہ حکام کو 21 جنوری کو پی اے سی میں طلب کر لیا گیا

کراچی(آن لائن)سندھ نے وفاقی حکومت کے اداروں سے پانی کے چارجز کی مد میں 20 ارب روپے کے واجبات مانگ لیے۔سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے صوبے کے وفاقی اداروں پر 20 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات اور سی ای او واٹر بورڈ کو وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں کو خط لکھنے کی ہدایت کردی ہے۔پانی کے بلوں کی مد میں سندھ کے 20 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے وفاقی حکومت کے مختلف اداروں کے متعلقہ حکام کو 21 جنوری کو پی اے سی میں طلب کیا گیا ہے۔چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو کے مطابق واٹر بورڈ کے 2016ء سے پاکستان اسٹیل مل، سوئی سدرن گیس، پی ایس او، کے پی ٹی، پاکستان ریلوے،پی آئی اے، نیشنل شپنگ کارپوریشن،پورٹ قاسم اتھارٹی، میرین فشریز، کنٹونمنٹ بورڈز، کراچی شپ یارڈ، پاکستان مشین ٹول فیکٹری، کاٹن ایکسپورٹ کارپوریشن سمیت دیگر اداروں پر واٹر چارجز کی مد میں 20 ارب روپے سے زائد کے واجبات ہیں جو سندھ کو ادا نہیں کیے جا رہے۔