مارشل آرٹ کے عالمی آئیکون جیکی چن نے حال ہی میں اپنی وفات کے بعد ریلیز ہونے والے منصوبے سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
71 سالہ جیکی چن نے بیجنگ میں اپنی نئی ڈرامہ فلم Unexpected Family کے پریمیئر کے موقع پر بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے آخری خیالات ایک گانے کی صورت میں ریکارڈ کر لیے ہیں، جسے انہوں نے دنیا کے نام اپنا الوداعی پیغام قرار دیا ہے۔جیکی چن نے کہا کہ حالیہ برسوں میں قریبی دوستوں اور عزیزوں کی وفات نے ان کے زندگی کے نظریات کو بدل دیا ہے اور انہیں یہ احساس دلایا کہ جو کہنا یا کرنا ہے، وہ ابھی کرنا چاہیے۔ اسی وجہ سے انہوں نے اپنے خیالات کو ایک گانے کے ذریعے محفوظ کیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ گانا ریکارڈ تو ہو چکا ہے لیکن اہلِ خانہ اور مینجمنٹ کی خواہش کے مطابق فی الحال اسے جاری نہیں کیا جائے گا۔ یہ گانا ان کے انتقال کے دن منظر عام پر لایا جائے گا۔
جب پریمیئر کے دوران حاضرین نے جیکی چن سے گانے کا کوئی حصہ سنانے کی درخواست کی، تو انہوں نے مسکراتے ہوئے انکار کر دیا اور کہا کہ ایسا کرنے سے لوگ رو پڑیں گے۔اس اعلان کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ جیکی چن نے اپنی زندگی کے آخری پیغام کو دنیا کے ساتھ شئیر کرنے کے لیے ایک جذباتی اور منفرد انداز اپنایا ہے، جس میں ان کے ذاتی تجربات اور قریبی عزیزوں کی وفات کا اثر جھلکتا ہے۔