پتنگ بازوں کی ڈرون کیمروں سے نگرانی جاری

 اندرونِ شہر کے اہم علاقوں، گلی محلوں اور شاہراہوں کی مانیٹرنگ
لاہور (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر سٹی ڈویڑن پولیس کی جانب سے پتنگ بازی کے حوالے سے ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ شاہدرہ، لاری اڈہ، اسلام پورہ سمیت اندرونِ شہر کے اہم علاقوں، گلی محلوں اور شاہراہوں پر انسدادِ پتنگ بازی کے لیے جدید ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق حکومتی احکامات اور طے شدہ ایس او پیز کے تحت پتنگ بازی کی اجازت صرف 6 سے 8 فروری کے دوران ہوگی، اس سے قبل یا بعد میں پتنگ بازی اور ڈور کی تیاری، فروخت یا استعمال کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔پولیس نے عوام الناس کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف منظور شدہ لائسنس ہولڈر مینوفیکچررز اور سیلرز سے بار کوڈ والی پتنگیں اور ڈور خریدیں۔ شہر بھر میں سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کی نگرانی میں پولیس پیٹرولنگ کے ساتھ ساتھ کیمروں کے ذریعے بھی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بسنت کو محفوظ بنانے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور قانون کی خلاف ورزی سے گریز کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔