مناواں،بچہ گٹر میں گر گیا

بی ایم سی سٹاپ کے قریب واقعہ،شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کوبحفاظت نکالا ، ویڈیو وائرل 
لاہور(کرائم رپورٹر) مناواں کے علاقے میں بی ایم سی سٹاپ کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک معصوم بچہ کھلے مین ہول میں گر گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں بچے کے گرنے کا دل دہلا دینے والا منظر دیکھا جا سکتا ہے عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم مقامی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچے کو مین ہول سے بحفاظت نکال لیا۔ خوش قسمتی سے بچہ کسی بڑے جانی نقصان سے محفوظ رہااہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل کئی بار اسسٹنٹ کمشنر واہگہ ٹاؤن کو کھلے مین ہولز کے بارے میں آگاہ کیا گیا، مگر انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ شہریوں نے انتظامیہ پر شدید غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کھلے مین ہولز جان لیوا حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور کھلے مین ہولز کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے خطرناک واقعات سے بچا جا سکے۔