پشاور(آئی این پی )خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں جمعیت علما اسلام (س) کے صوبائی امیر مولانا عبدالخطیب کا بیٹا اور ان کے دو پوتے زخمی ہو گئے۔واقعہ درسمند کے علاقے میں پیش آیا، جس کے بعد زخمیوں کو فوری طور پرقریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ڈی پی او ہنگو کے مطابق فائرنگ کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے تاہم واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔مقامی افراد نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری گرفتاریوں کا مطالبہ کیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔