دونوں فریقین کے درمیان سرکاری بی ایچ یو ہسپتال کی تعمیر کے معاملے پر تنازعہ چلا آ رہا تھا
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں تھانہ ٹل کی حدود میں علاقہ چھپری وزیران میں سرکاری بی ایچ یو (بیسک ہیلتھ یونٹ) ہسپتال کی تعمیر کے تنازعے پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد قتل جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ڈی پی او ہنگو طارق حبیب کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک فریق کے دو افراد جبکہ دوسرے فریق کا ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ دوسرے فریق سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے سابق تحصیل ناظم پیاو زار بھی شامل ہیں۔ ڈی پی او طارق حبیب کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان علاقہ چھپری وزیران میں سرکاری بی ایچ یو ہسپتال کی تعمیر کے معاملے پر تنازعہ چلا آ رہا تھا، جس نے فائرنگ کی صورت اختیار کرلی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔