ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر اورڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود اوایس ڈی
پی پی ایس سی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر،6 سٹینوگرافرز کی اگلے عہدوں پر ترقی
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے 6اعلیٰ افسر وں کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دئیے ہیں جبکہ پی پی ایس سی کیایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر،6 سٹینوگرافرز اور2 سینئر کلرکس کو اگلے عہدوں پر ترقی دیدی گئی ہے۔محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی میں تقرری کے منتظر گریڈ 20کے افسر سلمان غنی کو سیکرٹری محکمہ پبلک پراسیکیوشن جبکہ تقرری کے منتظر گریڈ 19کے افسر سقراط امان رانا کو سیکرٹری محکمہ اوقاف و مذہبی امور تعینات کر کے انہیں چیف ایڈمنسٹریٹر پنجاب اوقاف آرگنائزیشن کے عہدے کا اضافی چارج بھی دیدیا گیا جبکہ سیکرٹری محکمہ ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول مسعود مختار سے چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف آرگنائزیشن کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر خوشاب مس فروا عامر ،ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو )مری عمر اویس کو تبدیل کرکے او ایس ڈی بنا دیا گیا اورمحکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری طرف سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن(پی پی ایس سی )افضال احمد کی زیر صدارت پروموشن کمیٹی کے اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عاصم شیخ کو ڈپٹی ڈائریکٹر، 6 سٹینوگرافرز حمزہ رسول، خدیجہ ریاض، محمد ارسلان، ریدا سلیم، حافظ عبداللہ اور طلحہ طارق کو سینئر سکیل سٹینوگرافرز اور2 سینئر کلرک محمد سلمان جمیل اور مس آمنہ حفیظ کو اسسٹنٹ کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔