بھارتی مشہور اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو نے فلم ساز راج ندی مورو کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر جاری کر دیں، جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے خوشی اور حیرت کا اظہار جاری ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سمانتھا نے کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیوں کے بعد پیر کی صبح ایشا یوگا سینٹر میں واقع لِنگا بھیرَوی مندر میں ایک سادہ اور نجی تقریب میں شادی کی۔ اس تقریب میں صرف 30 مہمان تھے۔اداکارہ نے اپنی شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں، جن میں وہ روایتی سرخ ساڑی میں دلہن کے روپ میں دکھائی دے رہی ہیں، جبکہ راج ندی مورو نے سفید کرتا اور بیج نیہرو جیکٹ پہن رکھی تھی۔ ان تصاویر کی سادگی اور خوبصورتی نے سب کو متاثر کیا، اور چند ہی گھنٹوں میں یہ وائرل ہو گئیں۔
سمانتھا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں صرف تاریخ "01.12.2025" درج کی، جس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ یہ شادی باضابطہ طور پر مکمل ہو چکی ہے اور تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ مداحوں اور شوبز حلقوں میں اب یہ خبر زیرِ بحث ہے کہ یہ شادی کب اور کیسے ہوئی، اور اس کے پیچھے کیا کہانیاں چھپی ہیں۔