جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کا کھل کر اور سچائی کے ساتھ بولنے کا انداز غیر ارادی طور پر ان کی ذاتی زندگی کو عوامی بحث کا موضوع بنا گیا۔
سمانتھا نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی زندگی کے بارے میں حقیقت پسند رہنے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن یہی رویہ ان کے ازدواجی تعلقات اور بیماری کی معلومات کو میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا گیا۔ انہوں نے اپنی بیماری ’مایوسائٹس‘ (پٹھوں کی سوزش) کے بارے میں خود میڈیا کو بتایا تاکہ اپنی جدوجہد کو حقیقت کے ساتھ پیش کر سکیں۔انہوں نے اپنی شادی اور علیحدگی پر بھی روشنی ڈالی۔ سمانتھا نے اداکار ناگا چیتنیہ سے شادی کی تھی، جو چار سال بعد ختم ہو گئی، اور اس علیحدگی نے غیر متوقع طور پر میڈیا کی توجہ حاصل کی۔
ان کے مطابق اس دوران انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور ذہنی صحت متاثر ہوئی۔سمانتھا نے اپنے کیریئر کی شروعاتی مشکلات بھی یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں، جہاں روزانہ کے کھانے کا مسئلہ رہتا تھا، لیکن محنت اور لگن نے انہیں کامیابی تک پہنچایا۔واضح رہے کہ سمانتھا کے سابق شوہر ناگا چیتنیہ نے سمانتھا سے علیحدگی کے بعد اداکارہ سوبھیتا دھولی پالا سے حال ہی میں شادی کی ہے۔