کشمیر سے غزہ تک پاکستان اور ترکیہ کے موقف میں کوئی دوری نہیں مریم نواز

وزیراعلیٰ مریم نواز سے ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی کی یورپی یونین ہم آہنگی کمیٹی کے صدر ،رکن پارلیمان برہان کایاترک کی ملاقات‘ دوطرفہ تعلقات، معاشی، ماحولیاتی اور پارلیمانی امورپر  تبادلہ خیال
پاکستان ترکیہ باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ، مجوزہ اکنامک زون کا نام ’’صدر رجب طیب اردوان سپیشل انڈسٹریل زون‘‘ رکھنے کی تجویز 
ترکیہ کے عوام قائد اعظم محمد علی جناح اور محمد نواز شریف کے مدا ح ہیں،  چند ماہ میں ایک لاکھ 20ہزار سے زائد گھروں کی تعمیرقابل تحسین ، وزیراعلیٰ کے کام کرنے کی رفتار ترکیہ سے بھی تیز ہے : برہان کایا ترک
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی کی یورپی یونین ہم آہنگی کمیٹی کے صدر اوررکن پارلیمان برہان کایاترک نے ملاقات کی۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ترکیہ کے وفدکا پر تپاک و پر خلوص استقبال کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، معاشی، ماحولیاتی اور پارلیمانی امورپر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں حالیہ سیلاب کے دوران ترکیہ حکومت اور قوم کی بروقت امداد پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کے اسپیشل اکنامک زونز میں ترکیہ کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا ۔ اس موقع پر  پاک ترکیہ پارلیمانی وفود اور قانون ساز اداروں کے درمیان مستقل روابط بڑھانے کی اہمیت اور ترکیہ کے ساتھ فلڈ مینجمنٹ، کلین ٹرانسپورٹ، جنگلات کے تحفظ، واٹر کنزرویشن اور کلائمیٹ اسمارٹ انفراسٹرکچر میں مشترکہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ برہان کایاترک کی لاہور آمد ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ برہان کایاترک کا دورہ لازوال بھائی چارے،مشترکہ تاریخی ورثے اور باہمی اعتماد کا زندہ ثبوت ہے۔بدلتے ہوئے علاقائی منظرنامے میں پاک ترکیہ اعلیٰ سطح روابط امن و استحکام اور خوشحالی کے اجتماعی عزم کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ہر بحران،انسانی المیے یا ماحولیاتی سانحات  پاکستان اور ترکیہ نے ہر آزمائش میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔صدر رجب طیب اردوان کا پاکستان کے ساتھ ہر وقت کھڑے رہنا لازوال محبت کا اظہار ہے۔پاکستان اور ترکیہ انصاف، خودمختاری اور انسانی وقار کے اصولوں پر ہمیشہ یکجا کھڑے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر ترکیہ کی بے خوف، اصولی اور جرات مندانہ آواز پوری امت کے لیے اعتماد کا ذریعہ ہے۔کشمیر سے غزہ تک، پاکستان اور ترکیہ کے دلوں اور مؤقف میں کوئی دوری نہیں‘۔ ترکیہ کے رکن پارلیمنٹ نے پنجاب میں چند ماہ میں ایک لاکھ 20ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کو قابل تحسین قراردیا۔ برہان کایاترک نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے کام کرنے کی رفتار ترکیہ سے بھی تیز ہے۔ترکیہ کے عوام قائد اعظم محمد علی جناح اور محمد نواز شریف کے مدا ح ہیں۔