پارلیمنٹ، آئین، قانون اور امن و امان پر سمجھوتہ نہیں ہوگا ، آئین کی بالادستی کی بات کرنیوالے نام نہاد لیڈر گریبان میں جھانکیں‘ بطور کسٹوڈین پارلیمنٹ کا تحفظ میری ذمے داری ہے:سپیکرقومی اسمبلی
پارلیمنٹ کا احترام کرتے ہیں، کوئی حملہ نہیں ہوگا، پی ٹی آئی اور اتحادی رہنماؤں کی سپیکر کو یقین دہانی‘اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق فیصلہ آئین اور قانون کی روشنی میںہو گا: ایاز صادق
اسلام آباد ( آن لائن) پارلیمنٹ کے تقدس اور بالادستی کے خلاف شرپسند عناصر ایک بار پھر سرگرم ہو گئے ہیں، تاہم 2014 کی طرز پر پارلیمنٹ کو قانون سازی سے روکنے کی تازہ کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔ اس صورتحال پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔اسپیکر ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا کہ پارلیمنٹ کے خلاف سازشیں کرنے والے اور آئین کی بالادستی کا نعرہ لگانے والے نام نہاد رہنما پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ، آئین، قانون اور امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ا انہوں نے کہا نے کہ پارلیمنٹ کے اندر بیٹھ کر پارلیمنٹ ہی کے خلاف سازشیں کرنے والے ریاست پاکستان کے دشمن ہیں۔ بطور کسٹوڈین، پارلیمنٹ کا تحفظ ان کی بنیادی ذمہ داری ہے اور وہ اس ذمہ داری کو ہر صورت نبھائیں گے۔دریں اثناء سردار ایاز صادق سے پاکستان تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے اہم ملاقات کی، جس میں ایوان کی موجودہ صورتِ حال اور اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران تحریک انصاف نے ایک بار پھر مؤقف اختیار کیا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری اْن کا آئینی و پارلیمانی حق ہے، اس لیے اس عمل میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ بیرسٹر گوہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی فوری تقرری پارلیمانی روایات کے مطابق ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اپوزیشن لیڈر ہمارا حق ہے، اس میں تاخیر غیر مناسب ہے، جلد تقرر کیا جائے۔‘‘بیرسٹر گوہر نے اس موقع پر پچھلے بیانات سے متعلق وضاحت بھی پیش کی اور کہا کہ جو الفاظ استعمال ہوئے وہ غلط فہمی کا نتیجہ تھے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ کا مکمل احترام کرتی ہے اور کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بنے گی جس سے ایوان کی حرمت متاثر ہو۔علامہ ناصر عباس نے بھی اسپیکر کو یقین دلایا کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ پر کسی قسم کے حملے یا دباؤ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم پارلیمنٹ پر حملہ نہیں ہونے دیں گے؛ جمہوری اداروں کا احترام سب پر لازم ہے۔‘‘اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رہنماؤں کی گفتگو کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق فیصلہ آئین اور قانون کی روشنی میں کیا جائے گا