139پی ٹی آئی کارکنوں کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ

 اسلام آباد احتجاج کیس میں گرفتار 2خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ 
17کارکنوں کے ریمانڈ میں 4دن توسیع ،8شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیج دئیے
اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہور(خصوصی رپورٹ)انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپراکی عدالت نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج پر درج مقدمات میں 139 کارکنوں کاپانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے دوخواتین کارکنوں کو جوڈیشل کردیا اور دوسرے مقدمہ میں گرفتار17 کارکنوں کے جسمانی ریمانڈ میں چار روزہ توسیع کردی جبکہ تھانہ کھنہ میں گرفتار8 کارکنوں کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجوادیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران وفاقی پولیس نے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ میں گرفتار دو خواتین اور 139 مردکارکنوں سمیت 141پی ٹی آئی کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا،پراسکیوٹر راجہ نوید نے ملزموں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔دوران سماعت گرفتار خواتین کارکنوں نے عدالت کو بتایاکہ 24 تاریخ سے گرفتار کیا ہے کھانا پینا بھی نہیں دیتے، عدالت نے دونوں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ،عدالت نے پی ٹی آئی کے139ورکرز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیااور بعد ازاں عدالت نے تمام139 کارکنوں کوپانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کرنے کا حکم سنادیا۔ تھانہ سیکرٹریٹ میں ہی درج دوسرے مقدمہ میں گرفتار17 کارکنوں کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا جہاں ان کے جسمانی ریمانڈمیں چار روز کی توسیع کرنے کا حکم سنادیا گیا۔ تھانہ کھنہ میں درج مقدمہ میں گرفتار 8 کارکنوں کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجواتے ہوئے10دسمبر کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیاگیا۔عمران خان کے وکلا نے ملاقات سے روکے جانے پر تفتیشی افسر کے خلاف اے ٹی سی میں درخواست دائر کردی، عدالت نے تھانہ نیو ٹائون کے تفتیشی افسر کو طلب کرلیا۔ بعد ازاں پی ٹی آئی وکلا کو عمران خان سے ملاقات کا تحریری حکم نامہ مل گیا، وکیل فیصل چودھری اور ملک فیصل نے عمران خان سے ملاقات کی۔راولپنڈی کی انسداددہشتگردی عدالت نیسپریم کورٹ کے باہر احتجاج پرپی ٹی آئی رہنما شبلی فراز،وکلاء لطیف کھوسہ اور دیگر کی عبوری ضمانت میں2دسمبرتک توسیع کر دی۔انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج امجد علی شاہ نے تحریک انصاف کے 24 نومبر کے پرتشدد احتجاج کے مقدمہ میں گرفتار کرنل (ر) اجمل صابر سمیت 19 ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہائوس ،عسکری ٹاور حملہ سمیت دیگر مقدمات میں حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کردی۔