وزیراعظم شہباز شریف سے قومی اسمبلی کے مختلف اراکین نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں شاکر بشیر اعوان، احمد رضا مانیکا، ریاض الحق جاج، ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن دریشک اور وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک شامل تھے۔
ملاقات کے دوران اراکینِ قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو عوام دوست بجٹ اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومتی حکمت عملی پر مبارکباد دی۔ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں متعلقہ انتخابی حلقوں کے امور، ترقیاتی منصوبے، عوامی مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال پر بھی غور کیا گیا۔ اراکین نے وزیراعظم کو اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کی درخواست کی۔ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال اور وزیر مملکت پاور ڈویژن عبد الرحمن کانجو بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ عوامی مفاد میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ترقیاتی منصوبے شفاف انداز میں مکمل کیے جائیں گے۔