سکیورٹی فورسز کی بنوں و خیبر میں کارروائی: 8خوارج ہلاک، کیپٹن سمیت 2جوان شہید

بکا خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پرکارروائی کے دوران پانچ خوارج ہلاک اور 9 زخمی ہوئے ، 29 سالہ سپاہی افتخار حسین نے جام شہادت نوش کیا،شاگئی میں تین خوارج ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کیا گیا، 25 سالہ کیپٹن محمد زوہیب الدین شہیدہوگیا
دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث خوارج نے سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا،علاقے میں باقی ماندہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں،آئی ایس پی آر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 29 نومبر سے یکم دسمبر تک کی گئی دو علیحدہ کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز نے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا جبکہ کیپٹن سمیت دو فوجی جوان شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی بنوں کے علاقے بکا خیل میں کی گئی جہاں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔کارروائی کے دوران پانچ خوارج ہلاک اور 9 زخمی ہوئے تاہم اس دوران ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔دوسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے شاگئی میں کی گئی جہاں تین خوارج کو ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کیا گیا۔اس کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لاہور سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن محمد زوہیب الدین نے اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔یہ خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، خوارج نے سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔کیپٹن محمد زوہیب شہید کا تعلق لاہور سے ہے جنہوں نے 3 سال سے زائد عرصے تک پاک فوج میں دفاع وطن کے فرائض سرانجام دیے۔کیپٹن محمد زوہیب شہید نے سوگواران میں والدین چھوڑے ہیں۔سپاہی افتخار حسین شہید کا تعلق ضلع جھنگ سے ہے۔ 29 سالہ سپانی نے 8 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کی خدمات سرانجام دیں۔سپاہی افتخار حسین شہید نے سوگواران میں اہلی، بیٹا اور بیٹی چھوڑے ہیں۔