شمالی وزیر ستان کے علاقہ دتہ خیل میں 5 ‘ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں 10 دہشت گرد مارے گئے جن میں چار افغانی شامل تھے
پوری قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج کیساتھ کھڑی ہے:شہبازشریف ‘ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے: محسن نقوی
راولپنڈی‘بنوں(آئی این پی )خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 15 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 15 اور 16 نومبر کو سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیاں کیں، آپریشن الخوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا۔ شمالی وزیر ستان کے علاقہ دتہ خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا جس میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں خفیہ معلومات پر کی گئی جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے، ان دہشت گردوں میں 4 افغان نکلے ہیں جبکہ ان میں ایک خارجی ونگ کمانڈر عالم محسود بھی شامل ہے۔ا۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔دریں اثناء ضلع بنوں میں تھانہ بسیہ خیل کے قریب دوہ غوڑا پل پر موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا،حملے میں خودکش بمبار کے علاوہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،جائے وقوعہ سے موٹرسائیکل اور ایک لاش برآمدہوئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں صرف خودکش حملہ آورمارا گیا، مزید کوئی ہلاکت نہیں ہوئی،