یوکرین امن مذاکرات پر ٹرمپ کی مایوسی ضرورت سے زیادہ توقعات کا نتیجہ ہے:پوٹن

یوکرین امن مذاکرات پر ٹرمپ کی مایوسی ضرورت سے زیادہ توقعات کا نتیجہ ہے:پوٹن

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرین کے ساتھ مزید امن مذاکرات کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کا پانسہ اس وقت بھی روس کے ہاتھ میں ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پوٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لیے بغیر کہا کہ "اگر کسی کو مایوسی ہوئی ہے تو وہ صرف ضرورت سے زیادہ توقعات کا نتیجہ ہے، یہ ایک عمومی اصول ہے۔"پوٹن نے کہا کہ روس ایک ایسا پائیدار اور مکمل امن چاہتا ہے جو نہ صرف روس اور یوکرین بلکہ پورے یورپ کی سلامتی کو یقینی بنائے۔انہوں نے مزید کہا کہ استنبول میں یوکرین کے ساتھ تین دور کے مذاکرات میں کچھ مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور روس مزید مذاکرات جاری رکھنا چاہتا ہے۔

روسی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ امن کی جانب کوئی بھی پیش رفت تفصیلی بات چیت کے بغیر ممکن نہیں اور یہ عوامی سطح پر نہیں بلکہ پرسکون ماحول میں ہونا چاہیے۔یاد رہے کہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پر شدید تنقید کرتے ہوئے یوکرین پر حملوں کو "قابلِ نفرت" قرار دیا تھا اور روس پر مزید پابندیوں کی دھمکی دی تھی، خاص طور پر ان ممالک پر بھی جو روسی تیل خرید رہے ہیں، جیسے چین اور بھارت۔