امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کے غزہ کے دورے پر غیر ملکی میڈیا پر پابندی

امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کے غزہ کے دورے پر غیر ملکی میڈیا پر پابندی

غزہ کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف نے غزہ کا 5 گھنٹے کا دورہ کیا، تاہم اسرائیل نے اس موقع پر غیر ملکی میڈیا کو اُن سے دور رکھا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اسٹیو وٹکوف کے دورہ غزہ کے دوران کسی بھی غیر ملکی اور غیر جانبدار صحافی کو اُن تک رسائی کی اجازت نہیں دی گئی۔ اسٹیو وٹکوف نے دورے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غزہ میں 5 گھنٹے قیام کیا، حالات کا جائزہ لیا اور غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن کے نمائندوں سے ملاقات کی۔امریکی نمائندہ خصوصی کے ہمراہ اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہوکابی بھی موجود تھے۔ مائیک ہوکابی نے کہا کہ ہمیں اسرائیلی فوج اور غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن کی جانب سے بریفنگ دی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ فاؤنڈیشن روزانہ ایک ملین لوگوں کو خوراک فراہم کر رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن کے فراہم کردہ کھانے میں غذائیت کی کمی ہے، اور اس کے امدادی مراکز کے قریب اب تک 859 فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔غزہ کے کچھ شہریوں نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس دورے کو ’’میڈیا شو‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔