مودی کے غیر ملکی دورے تنقید کی زد میں، عالمی میڈیا نے سخت سوالات اٹھا دیے

مودی کے غیر ملکی دورے تنقید کی زد میں، عالمی میڈیا نے سخت سوالات اٹھا دیے

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ غیر ملکی دورے بین الاقوامی میڈیا اور سیاسی حلقوں میں تنقید کا موضوع بن گئے ہیں، جہاں ان کے میڈیا سے براہِ راست سوالات سے گریز پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

عالمی جریدے الجزیرہ کے مطابق نیوزی لینڈ کے سرکاری دورے کے دوران ایک مقامی صحافی نے مودی سے میڈیا کا سامنا نہ کرنے کے حوالے سے سوال کیا۔ رپورٹ کے مطابق دو ماہ سے بھی کم عرصے میں یہ تیسرا موقع ہے جب مودی نے بیرونِ ملک میڈیا کے سوالات کا سامنا نہیں کیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ سے قبل آسٹریلیا کے دورے کے دوران بھی مودی نے صحافیوں کے سوالات سے گریز کیا تھا، جبکہ اس سے پہلے ناروے کے دورے میں ایک صحافی کے براہِ راست سوال نے عالمی توجہ حاصل کی تھی۔رپورٹ کے مطابق 2026 کے عالمی پریس فریڈم انڈیکس میں بھارت 180 ممالک میں 157ویں نمبر پر ہے، جس پر اظہارِ تشویش کیا جا رہا ہے۔

بھارتی صحافی سنگیتا بروا پشاروتی کے مطابق گزشتہ کئی برسوں میں بھارت میں میڈیا کے کردار پر مسلسل تنقید ہوتی رہی ہے، جبکہ بھارتی اپوزیشن رہنماؤں نے مودی کی جانب سے ملکی اور غیر ملکی میڈیا کے سوالات سے گریز کو جوابدہی کے فقدان سے تعبیر کیا ہے۔بھارتی صحافی غزالہ وہاب کا کہنا ہے کہ بھارت میں میڈیا کی آزادی اور شہری حقوق سے متعلق خدشات مسلسل بڑھ رہے ہیں، جن پر عالمی سطح پر بھی بحث جاری ہے۔