اے این ایف کی 9 کارروائیاں، 7منشیات فروش گرفتار

قطر، امریکا، آسٹریلیا بھجوانے والی منشیات پارسلوں سے برآمد کر لی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق 9 کارروائیوں میں 76.283 کلو گرام منشیات برآمد کر کے 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ باچا خان ایئرپورٹ پر قطر جانیوالے مسافر کے بیگ سے 773 گرام آئس، لاہور میں کوریئر آفس سے آسٹریلیا جانیوالے پارسل سے 2.2 کلو آئس، علامہ اقبال ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ سے امریکا جانیوالے پارسل سے 210 گرام افیون برآمد کی گئی۔ جامشورو کے قریب پشاور سے کراچی جانیوالے کارگو سے 36 کلو چرس، شیخوپورہ موٹروے پر گاڑی سے 6 کلو افیون اور 24 کلو چرس، حب میں گاڑی سے 2.4 کلو آئس اور شالیمار گارڈن لاہور میں 3 کلو چرس، 400 گرام آئس برآمد ہوئی۔ اسلام آباد موٹروے پر بس سے 1.2 کلو چرس، گلگت میں موٹرسائیکل سوار سے 100 گرام چرس برآمد کی گئی۔ ملزمان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔