گاڑیاں ڈیزل پر ہیں ، کرائے کیسے کم کریں :ٹرانسپورٹرز ،پٹرول سستا ہونے کا شہریوں کو ریلیف نہ ملا
لاہور (خصوصی رپورٹ)وفاقی حکومت نے پٹرول سستا اور ڈیزل مہنگا کر دیا،عام شہری کو ریلیف ملے گا یا نہیں، سوالات جنم لینے لگے،وفاقی حکومت نے پٹرولکی قیمت میں سات روپے پچاس پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ڈیڑھ روپے اضافہ کر دیا ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں بیشتر پبلک ٹرانسپورٹ بشمول مینی وینز، مزدہ، ٹرالرز اور لوکل ویگنیں ڈیزل پر چلتی ہیں۔ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، یوں کرایوں میں کمی کے بجائے اضافے کا اندیشہ ہے۔ تاہم ان گاڑیوں کے کرایوں کا آج تک کوئی باقاعدہ سرکاری کرایہ نامہ ہی جاری نہیں کیا گیا۔محکمہ ٹرانسپورٹ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی یا پراوینشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے آج تک نہ تو کوئی باقاعدہ نرخ نامہ جاری ہوا نہ ہی ان کے لیے کرایہ کاتعین کرنے کا کوئی نظام وضع کیا گیا۔وزیرِ ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کرایوں میں کمی کے حوالے سے ورکنگ جاری ہے،یہی وجہ ہے کہ عام آدمی آج بھی اضافی کرایوں کا بوجھ اٹھانے پر مجبور ہے، جب کہ پٹرول کی قیمت میں کمی اس کے لیے محض کاغذی ریلیف ثابت ہو رہی ہے۔