کرایوں میں 5 فیصد کمی نہ ہوسکی ،راستوں پر ٹیمیں تعینات ،50 سے 320 روپے تک کمی ہونی چاہیے:مسافر
لاہور (سٹاف رپورٹر سے)ڈیزل سستا ہونے کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے کم نہ ہو سکے ،ٹرانسپورٹ اتھارٹی پنجاب نے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کیا اور داخلی و خارجی راستوں پر ٹیمیں تعینات کرنے کے احکامات دیے ہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق مختلف روٹس کے کرایوں میں پچاس سے تین سو بیس روپے تک کمی ہونی چاہیے۔ لاہور سے سرگودھا کا کرایہ اب 1060 روپے، لاہور سے اسلام آباد 1950 روپے، لاہور سے پشاور 2380 روپے اور لاہور سے رحیم یار خان کا کرایہ 2810 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح لاہور سے حیدرآباد 5800 روپے اور لاہور سے کراچی 6040 روپے کرایہ مقرر کیا گیا ہے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ڈیزل سستا ہو گیا لیکن کرایے کم نہیں کیے جا رہے۔ٹرمینل منیجر نے کہا کہ وہ پہلے ہی وضع کردہ کرایہ نامہ سے کم کرایہ وصول کر رہے ہیں، کرایوں میں کمی کا عملی نفاذ ممکن نہیں۔ سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے کہا کہ اوورچارجنگ کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے،عوام نے مطالبہ کیا کہ ڈیزل کے نرخوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچنے کے لیے حکومت اقدامات کرے۔