5پولیس اہلکاروں کی شہادت ،آئی جی کا جائے وقوعہ کا دورہ

 آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ، شہداء کی عظیم قربانی کو سلام
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے رحیم یار خان کی شیخانی پولیس پوسٹ پر ڈاکوؤں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے 5 پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب سینئر افسران کے ہمراہ رحیم یار خان پہنچے، جائے وقوعہ اور پولیس کیمپوں کا دورہ بھی کیا۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او رحیم یار خان کو فائرنگ میں ملوث ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری اور آپریشن مزید تیزی سے جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چھپ کر راکٹ لانچرز کے ساتھ بزدلانہ حملہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کا مورال بلند ہے اور بزدلانہ کارروائیاں جانیں قربان کرنے والی پولیس فورس کا مورال پست نہیں کر سکتیں۔ کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا اور جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ شیخانی پولیس پوسٹ حملے میں شہید 5 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ صادق شہید پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس وقار عباسی، کمشنر بہاولپور، آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید، ایس ایس پی گھوٹکی، ڈی پی او رحیم یار خان، ڈی پی او راجن پور، رینجرز، پاک فوج کے افسران، شہداء  کے اہلخانہ، میڈیا کے نمائندوں اور سینئر پولیس افسران و اہلکاروں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہداء  کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے شہداء کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو سلام اور ان کے ورثاء   کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ پنجاب پولیس 1650 سے زائد بہادر شہداء  کی امین فورس ہے۔ پولیس کچہ ایریا کے ڈاکوؤں اور شرپسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ آئی جی پنجاب شہداء￿  پولیس کے اہلخانہ سے ملے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہداء￿  پولیس کے اہل خانہ کی ویلفیئر میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ شہداء   کے اہلخانہ محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے، احسن طور پر نبھائیں گے۔ کچہ کریمینلز کے خلاف مزید طاقت و حکمت عملی کے ساتھ نبرد آزما ہوں گے۔ شہداء￿  پولیس کے جسد خاکی تدفین کیلئے ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کر دیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے میڈیا نمائندگان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ راکٹ لانچر فائر ہونے کے باوجود بھی ہمارے جوانوں نے بہادری اور جوانمردی سے ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ جاری رکھا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم رحیم یار خان، پنجاب اور پاکستان کی عوام کو محفوظ بناتے رہیں گے۔ ڈاکوؤں کو نیست و نابود کرنے تک جنگ جاری رہے گی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے بزدلانہ حملے میں شہادت کے رتبے پر فائز ہونے والوں میں محمد عرفان، محمد سلیم اور نخیل کا تعلق بہاولنگر جبکہ خلیل اور غضنفر کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ ڈی پی او رحیم یار خان نے کہا کہ پولیس ڈاکوؤں کا تعاقب اور فائرنگ کے تبادلہ کے دوران ایک حملہ آور ڈاکو بھی ہلاک ہوا۔