ہالی ووڈ کے معروف اداکار ڈوین جانسن، جنہیں دنیا بھر میں ’دی راک‘ کے نام سے پہچانا جاتا ہے، اپنی نئی فلم ’لزرڈ میوزک‘ (Lizard Music) کے لیے ایسا منفرد روپ اختیار کرچکے ہیں کہ انہیں دیکھ کر مداح بھی حیران رہ گئے۔
اداکار کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن رہی ہیں، جن میں وہ ایک عمر رسیدہ شخص کے روپ میں دکھائی دے رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 سالہ ڈوین جانسن کو نیویارک کے علاقے بروکلین میں فلم کی شوٹنگ کے دوران دیکھا گیا، جہاں ان کا حلیہ معمول سے بالکل مختلف تھا۔ اپنی مضبوط جسامت اور ایکشن کرداروں کے لیے مشہور اداکار اس مرتبہ ایک ایسے کردار میں نظر آرہے ہیں جس کے لیے ان کی ظاہری شخصیت میں نمایاں تبدیلی کی گئی ہے۔فلم کی شوٹنگ کے دوران سامنے آنے والی تصاویر میں ڈوین جانسن کے بال سفید، داڑھی سرمئی اور چہرے پر بڑھاپے کے واضح نشانات دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے ڈھیلے ڈھالے لباس کا انتخاب بھی کیا، جس سے ان کے کردار کی عمر رسیدہ شخصیت کو مزید نمایاں کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اداکار نے اس کردار کے لیے اپنے وزن میں بھی کمی کی ہے تاکہ وہ اپنے کردار کے مطابق دکھائی دے سکیں۔
فلم میں ’دی چکن مین‘ کا منفرد کردار
فلم ’لزرڈ میوزک‘ میں ڈوین جانسن 70 سال سے زائد عمر کے ایک دلچسپ شخص کا کردار ادا کررہے ہیں، جسے ’دی چکن مین‘ کہا جاتا ہے۔ اس کردار کی سب سے منفرد بات یہ ہے کہ اس کی ساتھی ایک 85 سالہ مرغی ہے، جو کہانی کو غیر معمولی اور دلچسپ بناتی ہے۔فلم کی کہانی اور کردار کی تفصیلات نے اسے پہلے ہی فلمی حلقوں میں توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ ڈوین جانسن کے لیے یہ کردار ان کی روایتی ایکشن فلموں سے مختلف دکھائی دیتا ہے، کیونکہ اس میں انہیں ایک عمر رسیدہ شخص کی شخصیت اور انداز کو پردۂ سیمیں پر پیش کرنا ہوگا۔
بینی سفدی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم
’لزرڈ میوزک‘ کی ہدایت کاری بینی سفدی کررہے ہیں، جو اپنی منفرد فلم سازی اور کرداروں کی نفسیاتی گہرائی کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ فلم میں ڈوین جانسن کے علاوہ ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ریچل میک ایڈمز اور ایلیسیا سلورسٹون سمیت دیگر فنکار بھی شامل ہیں۔فلم میں اداکاروں کی شمولیت اور ڈوین جانسن کی غیر معمولی تبدیلی نے شائقین کی دلچسپی بڑھا دی ہے۔ بالخصوص ان کے مداح یہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں کہ وہ ایکشن ہیرو کی روایتی شناخت سے ہٹ کر عمر رسیدہ کردار کو کس انداز میں نبھاتے ہیں۔
ریلیز کب ہوگی؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’لزرڈ میوزک‘ کی ریلیز 25 دسمبر 2027 کو متوقع ہے۔ تاہم فلم کی ریلیز سے قبل اس کے مزید مناظر، کہانی اور کرداروں کے حوالے سے تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔