سٹاک ایکسچینج میں کاروباری تیزی سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے
کاروبار و سرمایہ کاری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے
ایف بی آر میں اصلاحات سے ٹیکس نظام میں بہتری اور کاروباری برادری کو سہولت ملی:وزیراعظم
وزیراعظم سے وفاقی وزیر مصطفی کمال کی ملاقات‘ صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ گلگت بلتستان کیلئے امدادی پیکج دینے کا اعلان کیا ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ مون سون سے جانی ومالی نقصانات پر جائزہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بارشوں میں ملک بھر خصوصا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جانی و مالی نقصانات ہوئے۔اس موقع پر شہباز شریف نے ہدایات دیں کہ تمام متعلقہ ادارے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان انتظامیہ سے مل کر ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگائیں۔ ذرائع مواصلات اور سڑکوں کی بحالی و مرمت پر مقامی اورمتعلقہ وفاقی ادارے خصوصی توجہ دیں۔دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1 لاکھ 40 ہزار پوائنٹس کی حد کو عبور کرنے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے سٹاک ایکسچینج میں کاروباری تیزی سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے، کاروبار و سرمایہ کاری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ایف بی آر میں اصلاحات سے ٹیکس نظام میں بہتری اور کاروباری برادری کو سہولت ملی، الحمدللہ پاکستان کی معاشی سمت بہتر اور معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔زیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے ملاقات کی اور اپنی وزارت سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر صحت نے ملک میں شعبہ صحت میں جاری منصوبوں اور اصلاحات کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔