کل جماعتی کانفرنس چوں چوں کا مربہ تھی‘نا کام رہی‘ اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے
جب بھی کسی ملک کا سربراہ پاکستان آتا ہے، یہ لوگ دورے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے اپوزیشن والے ذہنی بیماری کا شکار ہو چکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں کل جماعتی کانفرنس پرردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی 38فیصد سے سنگل ڈیجٹ پرآگئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور مہنگائی میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ تحریک انصاف والے شرطیں لگاتے تھے ملک کب ڈیفالٹ کرے گا، سٹاک ایکسچینج کے انڈیکس میں ہر روز ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے، حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے، بجٹ میں تنخواہ دارطبقے کے لیے ٹیکس کم کیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے، اپوزیشن والے ذہنی بیماری کا شکار ہو چکے ہیں، اپوزیشن صرف تنقید برائے تنقید کرتی ہے، انہوں نے کل جماعتی کانفرنس کوچوں چوں کا مربہ قراردیتے ہوئے ناکام اے پی سی قرار دیا۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر کا خاندان ریئل اسٹیٹ سے تعلق رکھتا ہے، وہ اپنے خاندانی اثاثوں سے متعلق بھی قوم کو بتائیں، ایران کے صدر کل سے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، جب بھی کسی ملک کا سربراہ پاکستان آتا ہے، یہ لوگ دورے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اپوزیشن والے عوام کوبیوقوف نہیں بنا سکتے۔