لاہور میں آئی پی ایل اور دیگر غیر ملکی کرکٹ لیگز کے میچز پر جوا لگانے والے دو بکی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرکے ملزمان حسیب اکبر اور محمد عرفان کو حراست میں لیا۔ ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے بتایا کہ ملزمان آئی پی ایل کے جاری کرکٹ میچز پر جوا لگاتے تھے اور ان کے قبضے سے 2 موبائل فون، 6 لیپ ٹاپ اور ہزاروں روپے نقد برآمد ہوئے۔رانا حسین طاہر نے مزید کہا کہ ملزمان انٹرنیشنل کرکٹ ورلڈکپ میچز پر بھی جوا لگاتے تھے اور موبائل ایپ اکاؤنٹس کے ذریعے گروپ جوا بھی کرواتے تھے۔ایس پی صدر نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے اور انہوں نے ایس ایچ او جوہر ٹاؤن محسن شہزاد اور پولیس ٹیم کو شاباش بھی دی۔