قرضوں کیلئے ایک لاکھ درخواستیں موصول ، اہلیت کی جانچ ،سکریننگ شروع
لاہور (خصوصی رپورٹ )اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں خستہ حال چھتوں کی مرمت کیلئے قرضوں کی فراہمی پر اہم پیشرفت سامنے آگئی۔حکومت نے خستہ حال چھتوں کی مرمت کیلئے پانچ سے دس لاکھ تک قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق ابتک قرضوں کے حصول کیلئے پورٹل پر تقریباً ایک لاکھ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، درخواست گزاروں کی اہلیت جانچنے کیلئے سکریننگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔محکمہ ہائوسنگ حکام کے مطابق درخواستوں کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد مستحق درخواست گزاروں کو مرحلہ وار قرضے جاری کیے جائینگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خستہ حال چھتوں کی مرمت کیلئے قرضوں کی فراہمی کا آغاز پندرہ ستمبر کے بعد کرنے کا پلان بنایا گیا ہے۔حکومت نے مون سون کے دوران ہی متاثرہ اور خستہ حال چھتوں کی مرمت کیلئے مالی معاونت فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم مون سون بارشوں کے چھ بڑے سپیل گزرنے کے بعد قرضوں کی فراہمی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مون سون کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں سے کئی مقامات پر گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، جس سیخستہ حال گھروں میں رہنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت نے قرضوں کیلئے درخواستیں وصول کرنے والا پورٹل بدستور کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جسکے تحت شہری آئندہ بھی خستہ حال چھتوں کی مرمت کیلئے قرضے کے حصول کی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔