مبشر عزیز ساتھیوں کو پولیس حراست سے چھڑانے تھانہ مسلم ٹائون آیا تھا‘تفتیشی کو25ہزار کی پیشکش کی
تفتیشی افسر نے رشوت قبول کرنے کے بجائے قانونی کارروائی کرتے ہوئے مبشر عزیز کو گرفتار کرلیا
لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ مسلم ٹاؤن پولیس نے زیرحراست ساتھیوں کو چھڑانے کے لیے تفتیشی افسر کو مبینہ طور پر 25 ہزار روپے رشوت کی پیشکش کرنے والے ملزم مبشر عزیز کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ مسلم ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں ایس آئی علی رضا کھوکھر، انچارج انویسٹی گیشن نے رشوت کی پیشکش کرنے والے ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 813/26 بجرم دفعہ 162 کے تحت مقدمہ درج کیا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم مبشر عزیز اپنے ساتھیوں کو پولیس حراست سے چھڑانے کے لیے تھانے آیا تھا۔ اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ نمبر 802/26 بجرم دفعات 448/511 درج ہے۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ مذکورہ ملزم ایک شریف شہری کے گھر پر مبینہ طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا تھا۔پولیس کے مطابق اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کی کوشش میں مبشر عزیز نے انچارج انویسٹی گیشن علی رضا کھوکھر کو 25 ہزار روپے رشوت دینے کی مبینہ کوشش کی، تاہم تفتیشی افسر نے رشوت قبول کرنے کے بجائے قانونی کارروائی کرتے ہوئے مبشر عزیز کو گرفتار کرلیا۔پولیس حکام کے مطابق زیرحراست ملزمان کو سفارش یا رشوت کے ذریعے ریلیف دلوانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی جبکہ مبشر عزیز سمیت دیگر ملزمان پولیس حراست میں ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔