سو نمبر مختص کرنیکی تجویز، چہارم سے ہشتم جماعت تک متعارف کرانے کا امکان
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب کے سکولوں میں طلبہ کو عالمی شہریت، بین الاقوامی ذمہ داریوں اور فرائض سے آگاہ کرنے کیلئے گلوبل سٹیزن شپ کا الگ مضمون شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مضمون کیلئے سو نمبر مختص کرنے کی تجویز جبکہ اسے چہارم سے ہشتم جماعت تک متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا)نے گلوبل سٹیزن شپ کا مضمون متعارف کروانے کیلئے یونیسف سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ مضمون کی تیاری اور چھپائی سمیت متعلقہ اخراجات کیلئے تمام فنڈنگ یونیسف کی جانب سے فراہم کیے جانے کی تجویز ہے۔محکمہ تعلیم کے مطابق اس وقت عالمی شہریت سے متعلق بنیادی معلومات صرف چوتھی جماعت کے نصاب میں شامل ہیں تاہم طلبہ کو عالمی برادری، بین الاقوامی اقدار، ذمہ داریوں اور فرائض بارے جامع آگاہی کیلئے الگ مضمون متعارف کرایا جائیگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گلوبل سٹیزن شپ کا مضمون آئندہ تعلیمی سال 2027-28 سے سکولوں میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ مضمون میں طلبہ کو بین الاقوامی شہریت کے تقاضوں، عالمی مسائل اور ذمہ دار عالمی شہری کی حیثیت سے کردار بارے آگاہ کیا جائے گا۔مضمون کا مقصد طلبہ کو ایسا شعور دینا ہے کہ وہ عملی زندگی میں خودکو ذمہ دار عالمی شہری ثابت کر سکیں۔