ہر ضلع میں 7 سے 8 کانسٹیبلز تعینات کرنے پر غور، فورس کو 300 الیکٹرک موٹرسائیکلیں فراہم کرنے کا منصوبہ

صفائی ٹیکس وصولی کیلئے نئی فورس بنانے کی تیاری 
محکمہ ایکسائز کے تحت ایک نئی فورس قائم کرنے کی تجویز تیار، مجموعی طور پر 305 نئی آسامیوں کی منظوری کی سفارش ،فورس پنجاب بھر کی 47 لاکھ پراپرٹیز سے صفائی چارجز کی وصولی، بلوں کی تقسیم، نادہندگان سے فالو اپ اور واجبات کی وصولی کی ذمہ داری نبھائے گی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) پنجاب بھر میں صفائی ٹیکس اور چارجز کی وصولی کو مؤثر اور یقینی بنانے کے لیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے تحت ایک نئی فورس قائم کرنے کی تجویز تیار کرلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری دستاویزات میں اس مہم اور فورس کی تشکیل کے لیے محکمہ ایکسائز میں مجموعی طور پر 305 نئی آسامیوں کی منظوری کی سفارش کی گئی ہے، گریڈ 5 کی 300 اسامیوں پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کانسٹیبلز کی نئی بھرتیاں کی جائیں گی، صوبے کے تمام اضلاع میں فی ضلع 7 سے 8 کانسٹیبلز کو ریکوری مہم پر مامور کیا جائے گا، یہ فورس پنجاب بھر کی تقریباً 47 لاکھ پراپرٹیز سے صفائی چارجز کی وصولی، بلوں کی تقسیم، نادہندگان سے فالو اپ اور واجبات کی وصولی کی ذمہ داری نبھائے گی۔بتایا گیا ہے کہ اس فورس کی انتظامی نگرانی کے لیے ایک ڈائریکٹر اور 4 ڈپٹی ڈائریکٹرز تعینات کرنے کی تجویز دی گئی ہے، یہ پوری فورس وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے براہِ راست ماتحت کام کرے گی، فیلڈ میں عملے کی نقل و حرکت اور انفورسمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے گاڑیوں کی خریداری کی سفارش بھی کی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ 300 کانسٹیبلز کے لیے 300 الیکٹرک موٹر سائیکلیں فراہم کی جائیں گی، نگران افسران کی نقل و حرکت کے لیے ایک 1300 سی سی کار اور 4 سوزوکی کلٹس گاڑیاں خریدی جائیں گی، گاڑیوں اور الیکٹرک بائیکس کی خریداری کے لیے 11 کروڑ 30 لاکھ روپے کے فنڈز مانگے گئے ہیں، ان کی خریداری اور نئی اسامیوں پر اخراجات پورے کرنے کے لیے حکومتِ پنجاب سے سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔