راولپنڈی میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال، وزیر اعظم کا فوری اجلاس طلب

راولپنڈی میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال، وزیر اعظم کا فوری اجلاس طلب

راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ شب سے جاری موسلادھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے منیجنگ ڈائریکٹر واسا، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اور چیف سیکریٹری پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں اب تک 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔

گوالمنڈی پل پر پانی کی سطح 23 فٹ
کٹاریاں کے مقام پر 22 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔
بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی گھروں، گلیوں اور سڑکوں میں داخل ہو گیا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو، واسا، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے ہائی الرٹ ہو چکے ہیں۔نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے بعد خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں تاکہ قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو الرٹ رکھا جا سکے۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف کے مطابق:

تمام عملہ اور ہیوی مشینری متاثرہ علاقوں میں موجود ہے
نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے
ادارے مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں
وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ مزید بارش کی پیشگوئی کے پیشِ نظر انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔