نیو یارک: یو ایس اوپن ٹینس کے دوران ایک دلچسپ اور متنازع واقعہ پیش آیا، جو سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
پولینڈ کے ٹینس پلیئر کامل میچازک نے کیرن کیچانوف کے خلاف میچ جیتنے کے بعد اپنی دستخط شدہ کیپ ایک کمسن مداح کو تحفے میں دینے کی کوشش کی۔ لیکن اس موقع پر موجود ایک شخص نے کیپ چھین کر اپنی اہلیہ کے بیگ میں رکھ دی۔یہ واقعہ کیمرے کی آنکھ سے محفوظ ہو گیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ صارفین نے کیپ چھیننے والے شخص کی شدید مذمت کی۔ بعد میں انکشاف ہوا کہ یہ شخص کوئی عام شہری نہیں بلکہ پولینڈ کے کروڑ پتی پیورٹر سزکریک تھے۔
سزکریک نے اس عمل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ "موقع ایک بار ہاتھ لگتا ہے اور ایسے موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہیے"، تاہم صارفین کی کڑی تنقید کے بعد وہ پریشان ہو کر اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ڈی ایکٹیویٹ کر گئے۔اس دوران جب یہ معاملہ کامل میچازک تک پہنچا، تو انہوں نے مداح تک خود رسائی حاصل کی اور اسے نئی دستخط شدہ کیپ دیگر تحائف کے ساتھ دے دی، تاکہ بچے کا خوشی کا لمحہ دوبارہ بحال ہو سکے۔