سوشل سکیورٹی ہسپتال کافرخ آباد میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم

لاہور (خصوصی رپورٹ)شاہدرہ کی بارشوں اور سیلاب متاثرہ نشیبی بستیوں میں بیماریاں پھیلنے کے خدشہ پر کمشنر سوشل سکیورٹی کی ہدایت پر سوشل سکیورٹی ہسپتال شاہدرہ نے فرخ آباد میں عارضی فلڈ ریلیف میڈیکل کیمپ قائم کر دیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ کیمپ میں ماہر ڈاکٹر متاثرین کا معائنہ کر رہے ہیں اور مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آلودہ پانی کے استعمال سے ہیضہ، اسہال اور جلدی امراض کے کیسز بھی رپورٹ ہو رہے ہیں۔ بچوں اور بزرگوں میں بخار اور سانس کی شکایات میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ایم ایس سوشل سکیورٹی ہسپتال شاہدرہ مظہر اعوان کیمپ کی نگرانی کر رہے ہیں۔میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر حمیرا بْزدار نے کیمپ کا دورہ کر کے سہولیات اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ابلا ہوا پانی استعمال کریں اور بیماریوں سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔