جارجیا میں ماہرین آثار قدیمہ نے 1.8 ملین سال پرانی انسانی جبڑے کی ہڈی دریافت کر لی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ ہڈی تبلیسی کے جنوب مغرب میں اوروزمانی کے مقام سے ملی، جو دارالحکومت سے تقریباً 100 کلومیٹر دور ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اوروزمانی ایک چھوٹا سا علاقہ ہے، لیکن تاریخ سے مالا مال ہے۔ 2022 میں یہاں سے انسانی دانت اور کھوپڑیاں بھی دریافت ہو چکی ہیں۔تازہ ترین دریافت کے دوران جانوروں جیسے شیر، ہاتھی، بھیڑیا، ہرن اور زرافے کی باقیات بھی سامنے آئی ہیں اور پتھر کے اوزاروں کا ذخیرہ بھی ملا ہے۔ماہرین کا خیال ہے کہ یہ دریافت ہومو ایریکٹس کی ہجرت اور طرزِ زندگی کے بارے میں اہم سراغ فراہم کرتی ہے، جو تقریباً 20 لاکھ سال قبل یوریشیا میں پھیلے تھے۔
تبلیسی کی الیا اسٹیٹ یونیورسٹی کے پروفیسر جیورگی بیڈزیناشویلی نے کہا کہ انسانی جبڑے کی یہ ہڈی اور جانوروں کی باقیات ہمیں یوریشیا کے ابتدائی انسانوں کے طرز زندگی کا تعین کرنے میں مدد دیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مقام ہمیں بنی نوع انسان کی ابتدائی معلومات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔