ویب ڈیسک: پنجاب میں فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران فرض شناسی کی مثال قائم کرتے ہوئے شہادت پانے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی فرقان احمد خان کو حکومتِ پنجاب نے اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اے سی فرقان احمد کے لیے ایوارڈ کی منظوری دی اور ان کے ورثا کے لیے ایک کروڑ روپے گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔مرحوم فرقان احمد کینسر کے مریض ہونے کے باوجود گزشتہ چار روز سے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کے لیے سرگرم عمل تھے۔ وہ پتوکی میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کرتے ہوئے متاثرین کو خوراک، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کرنے میں مصروف رہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرقان احمد مشکل ترین حالات میں عوام کی مدد کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حقیقی ہیرو ہیں۔ ان کی فرض شناسی اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔