یقین ہے کشمیری بھارتی تسلط سے ضرور آزاد ہوں گے: صدر آصف زرداری

یقین ہے کشمیری بھارتی تسلط سے ضرور آزاد ہوں گے: صدر آصف زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن کشمیریوں کے پاکستان سے فطری اور دائمی تعلق کی روشن علامت ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں صدر زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم کے باوجود حقِ خودارادیت کے لیے غیر معمولی استقامت سے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی قربانیاں دنیا بھر میں آزادی، حریت اور خودمختاری کی اعلیٰ مثال بن چکی ہیں۔صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کی حمایت—اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر—جاری رکھے گا۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور ایک دن وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر کے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔یاد رہے کہ 19 جولائی کو یوم الحاق پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے، جب 1947 میں کشمیری رہنماؤں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرار داد منظور کی تھی۔